ویکیپیڈیا:حقوق تصنیف و اشاعت
اس صفحہ میں ویکیپیڈیا کی قانونی حکمت عملی بیان کی گئی ہے۔ |
اہم وضاحت: ویکیپیڈیا پر موجود مضامین کے متون اور تصاویر کے حقوق ویکیمیڈیا فاؤنڈیشن کے پاس نہیں ہیں۔ اس لیے مضامین یا تصاویر کو نقل کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ہمارے رابطہ پتوں پر ای میل کرنا لاحاصل ہوگا، خواہ آپ کے ادارے یا اسکول یا تنظیم میں یہ اصول لاگو ہو کہ آپ مواد نقل کرنے سے پہلے ویب سائٹ چلانے والوں سے اس کی اجازت لیں۔
ویکیپیڈیا کا واحد مواد جس کے لیے آپ کو ویکیمیڈیا فاؤنڈیشن سے لازمی رابطہ کرنا چاہیے، وہ ویکیپیڈیا/ویکیمیڈیا کے ٹریڈ مارک شدہ لوگو (logos) ہیں، جو اجازت کے بغیر آزادانہ استعمال نہیں کیے جا سکتے۔
انفرادی مضامین کے مصنّفین کی جانب سے ویکیپیڈیا پر تحریر شدہ متن کا چربہ اور ان میں ترمیم کرنے کی اجازت پہلے ہی کہیں بھی بسنے والے کسی بھی فرد کو حاصل ہے، اگر وہ چربہ یا ترمیم اجازت نامے کی شرائط کے مطابق ہو (مخصوص شرائط کے لیے ذیل میں اور ویکیپیڈیا:نقول ملاحظہ کریں)۔ تصاویر کے دوبارہ استعمال یا ان میں تبدیلی کی منظوری یا نامنظوری ہوسکتی ہے؛ کسی بھی تصویر کو دوبارہ استعمال میں لانے کے لیے اس کی شرائط ضرور دیکھی جانی چاہئیں۔ واحد استثنا اُن حالات میں ہوگا جہاں مدیران نے ویکیپیڈیا قواعد و ضوابط کو پامال کرتے ہوئے بلا اجازت کاپی رائٹ مواد اپلوڈ کیا ہو یا کاپی رائٹ اجازت نامے کی ایسی شرائط ہوں جو بقیہ ویکیپیڈیا مواد پر اطلاق شدہ شرائط سے مطابقت نہ رکھتی ہوں۔ جہاں ویکیپیڈیا پر ایسا مواد موجود ہو (جس کی اب تک نشان دہی نہ ہوئی ہو اور حذف نہ کیا گیا ہو) تو اس کی نقل کرنا کاپی رائٹ کی خلاف ورزی ہوگی۔ اس کے استعمال کی اجازت کے لیے، مذکورہ متن یا تصویر کے حقوق کے مالک ہی سے رابطہ کیا جانا چاہیے؛ جو عموماً اصل مصنف ہی ہوتا ہے، البتہ بعض اوقات وہ کوئی اور بھی ہوسکتا ہے۔
اگر آپ ویکیپیڈیا کا مواد استعمال میں لانے کے خواہش مند ہیں، تو پہلے ذیل میں موجود "استعمال کنندہ کے حقوق اور ذمہ داریاں" کے عنوان سے قطعہ کا مطالعہ کر لیں۔ بعد ازاں، آپ کو کرئیٹیو کامنز انتساب-یکساں شراکت 3.0 ناقابلِ انتقال اجازت نامہ اور گنو آزاد مسوداتی اجازت نامہ کا مطالعہ بھی کرنا چاہیے۔
ویکیپیڈیا کے مواد کے حقوق (برن کنونشن کے تحت، خودبخود) ویکیپیڈیا کے مدیران اور شراکت کنندگان کی جانب سے محفوظ ہوتے ہیں اور رسمی طور پر ایک یا متعدد آزاد اجازت ناموں کے تحت عوام کو دستیاب ہوتے ہیں۔ ویکیپیڈیا کا بیشتر متن اور اکثر تصاویر کرئیٹیو کامنز انتساب-یکساں شراکت 3.0 ناقابلِ انتقال اجازت نامہ (CC BY-SA) اور گنو آزاد مسوداتی اجازت نامہ (GFDL) کے تحت اجازت شدہ ہوتے ہیں۔ بعض متون صرف کرئیٹیو کامنز انتساب یکساں شراکت (CC BY-SA) اور کرئیٹیو کامنز انتساب یکساں شراکت (CC BY-SA) سے مطابقت کے حامل اجازت نامے کے تحت درآمد کیے گئے ہیں اور گنو آزاد مسوداتی اجازت نامے کے تحت استعمال میں نہیں لائے جاسکتے؛ ایسے متون کی نشان دہی صفحات کے فوٹر سے، صفحات کے تاریخچہ سے یا جس صفحے پر وہ متن استعمال کیا گیا ہو اُس کے تبادلۂ خیال صفحے سے ہوسکتی ہے۔ ہر تصویر کا ایک وضاحتی صفحہ ہوتا ہے جس میں اُس کے اجازت نامے کی نشان دہی کی گئی ہوتی ہے یا اگر وہ غیر آزاد ہو تو اُس کے استعمال کی اہمیت بیان کی جاتی ہے۔
ویکیپیڈیا جو اجازت نامے استعمال کرتی ہے، اُن کے تحت ہمارے مواد تک آزاد رسائی انھی معنوں میں دی جاتی ہے جیسے آزاد سوفٹ ویئر کو آزادانہ لائسنس کیا جاتا ہے۔ویکیپیڈیا کا مواد نقل کیا جاسکتا ہے، اُس میں ترمیم کی جاسکتی ہے اور اُسے دوبارہ تقسیم کیا جاسکتا ہے مگر صرف اور صرف اُسی صورت میں جب نقل شدہ نسخہ بھی یکساں شرائط پر دوسروں کو مہیا کیا جائے اور استعمال کیے جانے والے ویکیپیڈیا مضمون کے مصنّفین کا حوالہ دیا جائے (عموماً مانا جاتا ہے کہ مضمون کا ربط مہیا کردینا انتساب کی ضروریات پوری کردیتا ہے؛ مزید تفصیل کے لیے ذیل میں دیکھیں)۔ لہٰذا نقل شدہ ویکیپیڈیا مواد مناسب اجازت نامے کے تحت آزاد رہے گا اور کوئی بھی اسے استعمال کرسکتا ہے، البتہ بعض پابندیاں لاگو ہوں گی، جن میں سے زیادہ تر کا مقصد آزادی یقینی بنانا ہے۔ معروف کاپی رائٹ لائسنسوں کے تناظر میں، اس اصول کو کاپی لیفٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
حاصلِ گفتگو یہ ہے کہ
ویکیپیڈیا مواد کو کرئیٹیو کامنز انتساب-یکساں شراکت 3.0 ناقابلِ انتقال اجازت نامہ اور، بصورتِ دیگر وضاحت نہ کی گئی ہو تو، گنو آزاد مسوادتی اجازت نامے کے تحت نقل، تقسیم اور/یا ترمیم کرنے کی اجازت حاصل ہے۔
ویکیپیڈیا مواد کے مصنّفین اور صارفین کے درمیان میں واحد قانونی بندھن CC BY-SA اور GFDL اجازت ناموں کا انگریزی متن ہے۔
شراکت کنندگان کے حقوق و فرائض
اگر آپ ویکیپیڈیا پر متن کی صورت میں براہِ راست شراکت کاری کرتے ہیں تو آپ اُسے CC BY-SA اور GFDL کے تحت عوام کو دوبارہ استعمال کی اجازت دیتے ہیں۔ متن کے علاوہ دیگر مواد (میڈیا) کو ایسے مختلف متنوع اجازت ناموں کے تحت شامل کیا جاسکتا ہے جن کے تحت کسی پابندی کے بغیر دوبارہ استعمال اور تقسیم کی اجازت کا عمومی مقصد پورا ہوتا ہو۔ تصاویر اور دیگر میڈیا فائلز کے لیے راہنما اصول ذیل میں ملاحظہ کریں۔
اگر آپ کوئی ایسا متن شامل کرنا چاہتے ہیں جو آپ کو کہیں اور ملا ہو یا آپ نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر تحریر کیا ہو تو آپ ایسا صرف اسی صورت میں کرسکتے ہیں جب وہ CC BY-SA اجازت نامے سے مطابقت رکھنے والی شرائط کے تحت دستیاب ہو۔ اگر آپ اس متن کے واحد مصنف نہیں ہیں تو یہ امر یقینی بنانے یا اس کی ضمانت کی ضرورت نہیں کہ وہ متن گنو آزاد مسوادتی اجازت نامے کے تحت بھی دستیاب ہو۔ مزید برآں، براہِ مہربانی یاد رکھیں کہ آپ ایسی معلومات درآمد نہیں کرسکتے جو صرف GFDL کے تحت دستیاب ہو۔ بالفاظِ دیگر، آپ صرف وہی متن ویکیپیڈیا پر درآمد کرسکتے ہیں جو (الف) صرف کرئیٹیو کامنز انتساب-یکساں شراکت اجازت نامے سے مطابقت رکھنے والی شرائط کے تحت جاری کیا گیا ہو یا (ب) گنو آزاد مسوداتی اجازت نامے کے ساتھ کسی ایسے اجازت نامے کے تحت جاری کیا گیا ہو جو CC BY-SA اجازت نامے سے مطابقت رکھتا ہو۔ اگر آپ اس متن کے واحد مصنف ہیں تو آپ کے لیے وہ متن CC BY-SA اور GFDL، دونوں اجازت ناموں کے تحت جاری کرنا ضروری ہے۔
اگر وہ مواد، متن یا دیگر میڈیا، پہلے شائع ہوچکا ہو اور آپ اسے موزوں اجازت نامے کے تحت ویکیپیڈیا کو عطیہ کرنا چاہتے ہوں تو آپ کو ہمارے طے شدہ طریقہ ہائے کار میں سے کسی ایک کے ذریعے کاپی رائٹ اجازت نامے کی تصدیق کرنی ہوگی۔ مزید تفصیل کے لیے ویکیپیڈیا:کاپی رائٹ مواد کا عطیہ ملاحظہ کریں۔ اگر آپ جملہ حقوق کے حامل نہیں ہیں، تو تب بھی آپ کو کاپی رائٹ اجازت نامے کی تصدیق کروانی ہوگی؛ ذیل میں دوسروں کے کاپی رائٹ کام کو استعمال کرنا کے عنوان سے قطعہ ملاحظہ ہو۔
آپ ویکیپیڈیا پر متن یا دیگر میڈیا کی صورت میں جو بھی شراکت کاری کرتے ہیں، اُس کے جملہ حقوق آپ ہی کی ملکیت رہتے ہیں۔ کاپی رائٹ کبھی بھی ویکیپیڈیا کو منتقل نہیں ہوتے۔ آپ بعد ازاں جس طرح چاہیں، اسے دوبارہ شائع یا دوبارہ لائسنس کرسکتے ہیں۔ تاہم، آپ یہاں درج کردہ مواد کی نقول کے لیے لائسنس سے انحراف یا اس میں تبدیلی نہیں کرسکتے؛ یہ نقول تب تک اسی اجازت نامے کے تحت دستیاب رہیں گی، یہاں تک کہ وہ دائرہ عام میں آجائیں جب آپ کے جملہ حقوقِ تصنیف و اشاعت کی مدت ختم ہوجاتی ہے (فی الحال مصنف کی موت کو چند دہائیاں گزرنے کے بعد)۔
دوسروں کا کاپی رائٹ کام استعمال کرنا
بین الاقوامی معاہدے کے تحت تمام تخلیق کاموں کے جملہ حقوق محفوظ ہوتے ہیں، چہ جائیکہ وہ دائرہ عام میں آجائیں یا ان کے حقوق سے دستبرداری واضح ہو۔ عموماً، کاپی رائٹ کاموں کو ویکیپیڈیا پر استعمال کرنے کی اجازت ہونا ضروری ہے۔ تاہم بعض حالات میں کاپی رائٹ کاموں کو بے اجازت قانونی طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے؛ اس سے متعلق تفصیلات کے لیے ویکیپیڈیا:غیر آزاد مواد دیکھیں کہ کب اور کیسے ایسا مواد استعمال کیا جائے۔ تاہم، ہمارا مقصود یہ ہے کہ ہر ممکن حد تک ویکیپیڈیا کا زیادہ سے زیادہ مواد آزادانہ تقسیم کے لیے دستیاب بنایا جائے، لہٰذا کاپی رائٹ میڈیا فائلوں کے منصفانہ استعمال کے مقابلے میں CC BY-SA اور GFDL کے تحت یا دائرہ عام میں آنے والی اصل تصاویر اور صوتی فائلوں کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔
اگر آپ کوئی ایسا مواد (بشمول متن) ویکیپیڈیا پر درآمد کرنا چاہتے ہیں جو آپ کو کہیں اور ملا ہے اور وہ غیر آزاد مواد پالیسی اور رہنما اصولوں پر پورا نہیں اترتا، تو آپ صرف اسی صورت میں اسے استعمال کرسکتے ہیں جب وہ دائرہ عام میں ہو یا CC BY-SA اجازت نامے سے مطابقت رکھنے والی شرائط کے تحت دستیاب ہو۔ اگر آپ مطابقت رکھنے والے اجازت نامے کے تحت کوئی مواد استعمال کرتے ہیں جس میں انتساب دیا جانا چاہیے، تو آپ کو چاہیے کہ معقول اور مروجہ انداز میں مصنف (یا مصنفین) کا حوالہ دیں۔ اکثر اوقات آپ کو تصدیق کرنا بھی ضروری ہوتا ہے کہ وہ مواد مطابقت رکھنے والے اجازت نامے یا دائرہ عام کے تحت ہے۔ اگر اشاعت کا اصل ماخذ کاپی رائٹ سے دستبرداری کا اعلان کرتا ہو یا یہ اشارہ ہو کہ مواد آزادانہ استعمال کے لیے دستیاب ہے، تو میڈیا کے وضاحتی صفحے پر یا مضمون کے تبادلۂ خیال صفحے پر اس کا ربط فراہم کرنا کافی ہوگا۔ اگر آپ حقوق کی ملکیت رکھنے والے سے مطابقت رکھنے والی شرائط کے تحت کسی کاپی رائٹ کام کے استعمال کی خصوصی اجازت حاصل کرتے ہیں تو آپ کو اس بات کی وضاحت (مع متعلقہ ناموں اور تاریخوں کے) اور متعدد طریقوں میں سے کسی ایک کے ذریعے اس کی تصدیق کرنی ہوگی۔ کاپی رائٹ کے مالک سے اُس کے کام کے استعمال کی اجازت حاصل کرنے کا طریقۂ کار اور اجازت کے حصول کی تصدیق کے طریقے جاننے کے لیے ویکیپیڈیا:کاپی رائٹ کاموں کی اجازت کے لیے درخواست کرنا دیکھیں۔
ایسا مواد کبھی استعمال نہ کریں جس سے دوسروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہو۔ اس سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی اور ویکیپیڈیا کے لیے مشکلات کا سبب بنے گا۔ اگر آپ کو شک ہو تو، مواد از خود تحریر کریں، یوں آپ ایک نیا کاپی رائٹ شدہ کام تخلیق کریں گے جسے ویکیپیڈیا پر بغیر کسی مشکل کے شامل کیا جاسکے گا۔
یاد رکھیں کہ کاپی رائٹ قوانین کا اطلاق تصورات (آئیڈیا) کے تخلیقی اظہار پر ہوتا ہے، تصورات یا معلومات پر نہیں۔ چنانچہ، کسی انسائیکلوپیڈیا مضمون یا دوسرے کا مطالعہ کرنا، اس میں بیان کردہ تصورات کو اپنے الفاظ میں ڈھالنا اور ویکیپیڈیا پر شامل کردینا بالکل قانونی ہے (اگر آپ ماخذ سے مواد کو ہوبہو یا بہت حد تک ملتا جلتا نقل نہیں کرتے)۔ تاہم، اگر آپ اصل ماخذ کا بطور حوالہ ذکر نہیں کرتے تو یہ پھر بھی غیر اخلاقی کام ہوگا (مگر غیر قانونی نہیں)۔
کاپی رائٹ کاموں کا ربط دینا
چونکہ عموماً ماضی قریب کے کاموں کے جملہ حقوق محفوظ ہوتے ہیں، لہٰذا ویکیپیڈیا مواد میں اس کے ماخذ کا حوالہ دینے کے ساتھ ساتھ کاپی رائٹ مواد کا ربط بھی دیا جائے گا۔ کاپی رائٹ مواد کا ربط دینے سے پہلے جملہ حقوق کے حامل فرد سے اجازت لینا ضروری نہیں، جیسے کہ کسی کتاب کے مصنف کو کتابیات میں کسی دوسرے فرد کے کام کا حوالہ دینے سے پہلے اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اسی طرح، ویکیپیڈیا پر بھی صرف CC BY-SA یا آزاد مصدر مواد کا ربط دینے کی پابندی نہیں ہے۔
تاہم، اگر آپ کے علم میں ہے یا آپ کو شک ہے کہ ایک بیرونی ویب سائٹ پر ایسا مواد موجود ہے جو اس کے خالق کے جملہ حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے، تو کام کی اس نقل کا ربط نہ دیں۔ مثال کے طور پر کوئی ایسی ویب سائٹ جو مقبول عام گیتوں کے بول (لیرکس) اُن کے جملہ حقوق کے حاملین کی اجازت کے بغیر پیش کر رہی ہو۔ جانتے بوجھتے اور دانستہ ایسی ویب سائٹ پر دوسروں کو بھیجنا ریاست ہائے متحدہ میں جملہ حقوق کی خلاف ورزی میں معاونت کی ایک قسم تصور کی جاسکتی ہے (انٹلیکچوئل ریزرو انکارپوریٹڈ بمقابلہ یوٹاہ لائٹ ہاؤس منسٹری انکارپوریٹڈ)۔ کسی ایسے صفحے کا ربط فراہم کرنا جو کسی دوسرے کے کام کو غیر قانونی طور پر تقسیم کر رہا ہو، ویکیپیڈیا اور اس کے مدیروں کی منفی شبیہ پیش کرتا ہے۔ تاہم، ریاست ہائے متحدہ میں انٹرنیٹ آرکائیو کا معاملہ غیر واضح ہے۔ فی الحال انٹرنیٹ آرکائیوز (محفوظات)، جیسے کہ وے بیک مشین، جو مختلف تاریخوں میں ویب صفحات کی نقول اپنے پاس محفوظ کرلیتی ہے، سے مواد مربوط کرنا قابل قبول ہے۔ کسی ویب سائٹ سے متعلقہ مواد میں اس ویب سائٹ کا ربط فراہم کرنا بھی قابل قبول ہے، خواہ اس ویب سائٹ پر کہیں جملہ حقوق کی خلاف ورزی کا امکان ہو۔
جملہ حقوق کی خلاف ورزیاں
مناسب انتباہ کے باوجود ویکیپیڈیا پر مسلسل کاپی رائٹ مواد شائع کرنے والے مضمون نگار کے خلاف کوئی بھی منتظم کارروائی کرتے ہوئے ترامیم کرنے پر پابندی عائد کرسکتا ہے، تاکہ مزید مسائل سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
اگر آپ کو جملہ حقوق کی خلاف ورزی کا شبہ ہو تو آپ کو اس صفحے کے تبادلہ خیال صفحے پر اس طرف توجہ دلانی چاہیے تاکہ دیگر لوگ اس معاملے کی جانچ کریں اور اگر ضرورت ہو تو مناسب اقدامات کیے جائیں۔ تاہم بعض اوقات ایسا بھی ممکن ہے کہ اطلاع درست نہ ہو۔ مثال کے طور پر، متعلقہ مواد کسی ایسی ویب پر موجود ہو جس نے خود ویکیپیڈیا سے ہی نقل کیا ہو۔ ایسی صورت میں یہ ویکیپیڈیا کی طرف سے جملہ حقوق کی خلاف ورزی نہیں کہلائے گی۔
اگر کسی صفحے پر ایسا مواد موجود ہو جو جملہ حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہو تو وہ مواد اور اگر اس صفحے پر مزید کوئی مواد موجود نہیں تو اس صورت میں وہ پورا صفحہ ہی حذف کر دیا جانا چاہیے۔ مزید معلومات کے لیے ویکیپیڈیا:جملہ حقوق کی خلاف ورزیاں؛ اور تفصیلی ہدایات کے لیے ویکیپیڈیا:جملہ حقوق کے مسائل ملاحظہ کیجیے۔
تصاویر اور دیگر میڈیا فائلوں کے لیے راہنما اصول
تصاویر، ویڈیو اور صوتی فائل (آڈیو) حقوق نسخہ کے تحت آتے ہیں۔ کسی نہ کسی کے پاس ان کے حقوق محفوظ ہیں الا یہ کہ انہیں ویکیپیڈیا: دائرہ عام پر مہیا کیا گیا ہو۔ تصویر، ویڈیو اور آڈیو کو استعمال کرنے کی صورت میں صاحب حقوق نسخہ سے اجازت لینا لازمی ہو گا یا ایسے شخص سے اجازت لینا لازمی ہو گا جو صاحب حقوق نسخہ کی غیر موجودگی اجازت نامہ فراہم کردے۔ البتہ کچھ حالات میں منصفانہ استعمال کے اصول نافذ ہوں گے اور تصاویر، آڈیو اور ویڈیو بغیر اجازت کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مزیر معلومات کے لئے ویکیپیڈیا: غیر آزاد مواد ملاحظہ کریں۔ تصویر کی قانونی نوعیت کی وضاحت کرنے کے لئے تصویر کا وضاحتی صفحہ خصوصی ٹیگ سے منسلک ہونا چاہیے۔ جیساکہ ویکیپیڈیا: تصویر کاپی رائٹ ٹیگ میں وضاحت کی گئی ہے۔ ٹیگ نہ کی گئی یا غلط طریقے سے ٹیگ کی گئی تصویر حذف کر دی جائے گی۔ میڈیا کاپی رائٹ سے متعلق سوالات کے لئے ویکیپیڈیا: میڈیا کاپی رائٹ سوالات ملاحظہ کریں۔ اس صفحہ کو ویکیپیڈیا میڈیا کاپی رائٹ راہمنا اصولوں اور پالیسیوں پر گہری نظر رکھنے والے رضاکار صارفین مرتب کرتے ہیں اور ترمیم کرتے ہیں۔
کاپی رائٹ قانون کی نگہبانی
ویکیمیڈیا فاونڈیشن ریاستہائے متحدہ امریکا میں واقع ہے اور اس پر ریاستہائے متحدہ امریکا کے کاپی رائٹ قوانین فانذ ہوتے ہیں۔ اس سے قطع نظر، ویکیپیڈیا کے شریک بانی جیمی ویلز کے مطابق ویکیپیڈیا کے صارفین کو تمام ممالک کے کاپی رائٹ قوانین کا لحاظ کرنا چاہیے چاہے ان کا ریاستہائے متحدہ امریکا سے تعلق نہ ہو۔[1] غیر امریکی کاپی رائٹ قوانین اور امریکا میں کاپی رائٹ کا معیار اور صورت کی خلاصہ ویکیپیڈیا: غیر ریاستہائے متحدہ کاپی رائٹ پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
دوبارہ استعمال کرنے کے حقوق اور ذمہ داریاں
ویکیپیڈیا کا پورا مواد آزاد ہے جسے استعمال کیا جا سکتا ہے سوائے ان مواد کے جہاں ویکیپیڈیا/ویکیمیڈیا کا لوگو چسپاں ہو۔ ایسا مواد بلا اجازت استعمال ممنوع ہے۔ صارفین فاونڈیشن: پریس روم ملاحظہ کریں، دیگر قارئین ویکیپیڈیا: ہم سے رابطہ کریں ملاحظہ کریں۔ اگر آپ ویکیپیڈیا کو کوئی بھی مواد اپنی کتاب/ مضمون/ویب سائٹ یا دیگر اشاعتوں میں استعمال کرنا چاہتے ہیں تو آپ مکمل آزاد ہیں الا یہ کہ وہ ویکیپیڈیا: غیر آزاد مواد ہو۔ ایسا مواد آپ استعمال نہیں کر سکتے ہیں۔