میں بھی چوکیدار
میں بھی چوکیدار یا میں بھی چوکی دار ایک سیاسی نعرہ تھا جسے بھارت کی قومی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے 2019ء کے قومی سیاسی انتخابات انتخابات میں کثرت سے استعمال کیا۔ یہ در حقیقت چوکیدار چور ہے کے مد مقابل نعرہ ہے جسے بھارت کی حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے گڑھا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور اُن کے دیگر پارٹی قائدین بشمول اِس کے اس وقت کے صدر امیت شاہ نے لفظ ’’چوکیدار‘‘ کو اپنی خبروں میں اور ٹوئیٹر پیغاموں میں اپنی شخصی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے عوام کی تائید لوک سبھا انتخابات سے پہلے حاصل کرنے کے لیے چوکیدار لکھنا شروع کیا تھا۔ پارٹی قائدین میں کئی مرکزی وزراء اور وزرائے اعلٰی بھی شامل تھے جنھوں نے اپنے اشتہاری ویڈیوز میں عوام کے سامنے جن کا تعلق سماج کے تمام طبقات سے ہے، کہنا شروع کر دیا ہے کہ وہ بھی مودی کی طرح ملک کے چوکیداروں میں سے ایک ہیں۔ مودی کی ٹوئیٹر پر ظاہر کردی شخصی تفصیلات میں ان کی شناخت چوکیدار نریندر مودی کی حیثیت سے ظاہر کی گئی تھی۔ دیگر قائدین نے بھی اِس مہم میں تعاون کرنا شروع کر دیا تھا۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری قوم کے چوکیدار ایک صاف ستھرا سماج تیار کرنے کے پابند ہیں۔ وہ اپنے مالی لین دین کی کوئی بات نہیں چھپاتے۔ بدعنوانی کی لعنت میں مبتلا نہیں ہیں اور کبھی کالے دھن نے برسوں سے اُن کا کردار داغدار نہیں کیا۔ ایسے افراد کو آئندہ بھی مسترد کر دیا جانا چاہیے۔ امیت شاہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عوام کی کوششوں کو اُجاگر کیا اور کہاکہ وہ اپنے اطراف و اکناف صاف ستھرا رکھیں۔ مودی نے پوری قوم میں اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ ’میں بھی چوکیدار ہوں ‘۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ صرف اِس جنگ میں اکیلے نہیں ہیں۔[1]
راہل گاندھی نے اس کے بر عکس ٹویٹر کا سہارا لیتے ہوئے تنقیدی لہجوں میں کہا کہ ’’مسٹر مودی آپ کا ٹوئٹ دفاعی ہے۔ کیا آج آپ کو تھوڑا بھی احساس جرم ہو رہا ہے؟ ‘‘ کانگریس صدر نے اپنے ٹوئٹس کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں مودی کے ساتھ کئی اہم کاروباریوں اور بینک سے قرض لیكر ملک چھوڑنے والے لوگوں کی تصویر لگائی گئی ہے۔ اس کے ساتھ مودی کے ٹوئٹس ’میں بھی چوکیدار‘ جملہ بھی دکھایا گیا ہے۔[2]
بی جے پی کے سینئر رہنما سبرامنیئن سوامی نے ٹوئٹ کےذریعہ 'چوکیدار' مہم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں برہمن ہوں چوکیدار نہیں۔ [3]