میگما
میگما یونانی زبان میں لئی کو کہتے ہیں۔ تکنیکی اعتبار سے میگما پگھلی ہوئی چٹانوں اور دیگر ٹھوس اجزاء سے مل کر بنا ہوتا ہے جو زمین کی سطح کے نیچے پائے جاتے ہیں۔ تاہم دیگر سیاروں اور سیارچوں پر بھی اس طرح کے مواد کی نشان دہی ہوئی ہے۔ پگھلی ہوئی چٹانوں کے علاوہ میگما میں حل شدہ گیس اور دیگر اجزاء اور بعض اوقات بلبلے بھی ہوتے ہیں۔ میگما عموماً میگما خانوں یعنی میگما چیمبر میں جمع ہوتا ہے جو آتش فشاں بناتے ہیں۔ میگما ساتھ موجود دیگر چٹانوں کو بھی متائثر کرتا ہے اور جب باہر نکلے تو لاوا کہلاتا ہے۔ اگر دھماکے سے اس کا اخراج ہو تو اسے ٹیفرا کہتے ہیں جو پائیروکلاسٹک چٹانیں بناتا ہے۔
میگما بہت زیادہ گرم مائع جات پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ درجہ حرارت عموما 700 سے 1٫300 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوتے ہیں تاہم 600 ڈگری یا 1٫600 ڈگری والے میگما بھی کوئی اچھنبے کی بات نہیں۔ زیادہ تر میگما سیلیکیٹ کے آمیزے ہوتے ہیں۔ میگما کی بناوٹ اور اجزاء ایک دوسرے کے متناسب ہوتے ہیں۔
اگرچہ میگما کا مطالعہ لاوا کے بہاؤ کے دوران کیا جاتا ہے تاہم دو مرتبہ آئس لینڈ اور ایک بار ہوائی میں ہونے والی کھدائیوں کے دوران میگما سے واسطہ پڑا ہے۔